کندپور31؍اگست (ایس او نیوز) کنداپور سے قریب کوڈی سمندر میں ایک دیسی ماہی گیر کشتی ڈوب گئی مگر مچھیروں کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچا۔ حادثہ آج جمعرات کو پیش آیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق صبح کے وقت گنگولی سے ماہی گیری کے لئے نکلنے والی یہ کشتی کوڈی ساحل کے پاسموسم خراب ہوجانے اور کافی اونچی اٹھنے والی موجوں کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس کشتی میں موجود 4 ماہی گیرتیرتے ہوئے بحفاظت کنارے پہنچ گئے لیکن کرن کنچی گوڈو(۴۰سال) اور بھاسکر کھاروی (۴۴سال)نامی دیگر دو ماہی گیروں کو اپنی جان بچانے کے لئے بڑی مشقت کرنی پڑی۔ ساحل کے پاس رہنے والے دیگر مچھیرے ان کی مدد کو دوڑ پڑے اورانہیں زندہ بچالانے میں کامیاب ہوگئے۔جنہیں بعد میں علاج کی غرض سے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔